ٹھنڈے پانی سے دوری صحت کیلئے فائدہ مند
ہم لوگ چینی قوم سے بہت متاثر ہیں ، اقتصادی معاملہ ہو یا ملکی ترقی کا، آج کل ہم چین کی طرف دیکھتے ہیں۔ اگر اس قوم کی کچھ اچھی چیزوں یا عادات کو بھی اپنالیا جائے تو ہماری زندگی کے بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں، مثلاً پانی کو ہی لے لیجئے۔ ہم جانتے ہیں کہ پانی پینا اور وہ بھی مناسب مقدار میں پینا صحت کو بہتر رکھنے میں اہم کردار اداکرتا ہے۔ چینی باشندوں کی بات کریں تو وہ گرم پانی پینے کو ترجیح دیتے ہیں، جس کے بہت سے طبی فوائد ہیں۔
وزن میں کمی
گرم پانی پینے سے آپ کے جسم کا درجہ حرارت بلند ہوتا ہے، جس سے میٹابولزم ریٹ بڑھتا ہے اور آپ بآسانی وزن کم کر پاتے ہیں۔دن کا آغاز پانی سے کرنے کی عادت آپ کے میٹابولزم میں اضافے کا سبب بنتی ہے اور بہتر میٹابولزم کا مطلب ہے متناسب صحت اور وزن۔
معدے کا سکون
گرم پانی پینے سے بھوک میں کمی واقع ہوتی ہے اور کم کھانا آپ کے معدےپر بوجھ بھی نہیں بنتا۔ اس کے ساتھ ہی ہماری آنتیں بھی صاف ہوجاتی ہیں۔اکثر اوقات دماغ کا جو سگنل ہمیں ’بھوک‘ کا لگتا ہے ،درحقیقت وہ صرف پیاس ہوتی ہے اور اسے بجھانے کیلئے مشروبات اور کھانے کی جگہ پانی کافی ہے۔ اس کے علاوہ ہاضمے کے مسائل کی بڑی وجہ کاربونیٹڈ اور کیفینیٹڈ ڈرنکس ہوتے ہیں، اس لیے پانی پیئیں اور ہاضمہ درست رکھیں۔
جِلد کی تازگی کیلئے
گرم پانی سے خون کی روانی میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہماری جِلد بھی نرم وملائم ہوجاتی ہے۔خون کی بہتر روانی سے ہمیں جِلدی بیماریاں نہیں ہوپاتیں اور جِلد پر موجود جراثیم بھی ختم ہوجاتے ہیں۔ پانی کی مناسب مقدار آپ کی جِلد کی نمی کو بھی پورا کرتی ہے اور خشکی نہ ہونے سے چہرے کی جھریوں میں کمی آتی ہے۔
خون کی روانی میں بہتری
جب ہم گرم پانی پیتے ہیں تو اس کی وجہ سے خون کی روانی میں بہتری آتی ہے اور خون ان جگہوں پر بآسانی پہنچ پاتا ہے جہاں عام طور پرپہنچنے میں مشکل ہوتی ہے اور ہمیں مختلف طرح کی دردیں شروع ہوجاتی ہیں۔ اس کے علاوہ جسم میں پانی کی کمی خون کو گاڑھا کرتی ہے اور گاڑھے خون کو پمپ کرنے کے لیے دل کو زیادہ محنت کرنی پڑ سکتی ہے،اس لیے پانی پینے سے آپ اس خدشے سے بھی نجات پا سکتے ہیں۔
کھانسی اور زکام سے نجات
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ٹھنڈا پانی پینے سے ہمیں زکام اور کھانسی کی شکایت ہوجاتی ہے، جس کی وجہ پانی اور ہمارے گلے کے درجہ حرارت میں فرق ہوتا ہے۔ ہم جیسے ہی ٹھنڈا پانی پیتے ہیں تو اس فرق کی وجہ سے ہمارا گلا اور سینہ جکڑ جاتا ہے لیکن اگر گرم پانی پیا جائے تو ایسا کبھی نہیں ہوگا۔
جسم سے زہریلے مادوں کا اخراج
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گرم پانی جسم سے زہریلے مادوں کو رفع حاجت کے دوران خارج کرتا ہے۔جب آپ گرم پانی پیتے ہیں تو ایسے اجزاءجو حل نہیں ہوپاتے وہ بھی حل ہوجاتے ہیں اور ہم زہریلے مادوں سے جان چھڑا لیتے ہیں۔ اکثر ٹھنڈا پانی پینے سے پیٹ کی بیماریاں جنم لیتی ہیں لیکن اگر گرم پانی استعمال کیا جائے تو پیٹ کی بیماریاں دور ہوجاتی ہیں۔
رات کو بہتر نیند
اگر آپ رات کے کھانے کے ساتھ یا سونے سے قبل گرم پانی پی لیں تو یہ آپ کے جسم کو ہلکا پھلکا کردے گا، جس سے آپ کو پرسکون نیند آسکے گی۔ایک تحقیق کے مطابق وہ افراد جنہیں نیند کا مسئلہ درپیش ہے ،اگر بستر پر جانے سے پہلے نیم گرم پانی سے اپنے پیروں کو دھوئیں تو زیادہ اچھی نیند سو سکتے ہیں۔
گرم پانی کے علاوہ اگر آپ سادہ پانی بھی کثرت سے پیئیں تو اس کے بھی آپ کی صحت پر اچھےاثرات مرتب ہوں گے۔
دماغ کی کارکردگی میں بہتری
کیا آپ جانتے ہیں دماغ کا 75 فیصد حصہ پانی ہوتا ہے؟ جب آپ جی بھر کے پانی پیئیں گے تو دماغ کو تقویت ملے گی۔
پانی میں لیموں استعمال کرنےکے فوائد
دنیا کی مشہور خاتون Danette May، جو ورزشیں سکھانے کے لئے شہرت رکھتی ہیں،نے لوگوں کومشورہ دیاہے کہ وہ کم از کم28دن تک لیموں کا استعمال روز کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ لیموں ایک الکلائن غذا ہے اور اس کے استعمال سے جسم سے فاسد اورزہریلے مادے نکل جاتے ہیں اور وزن میں حیرت انگیز کمی واقع ہوتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ لیموں والاپانی جگر کو صاف کرکے ہمارے خون کو صاف کردیتا ہے۔اس کے ساتھ ہمارے معدے سے زہریلی گیسیں بھی نکل جاتی ہیں اور بدہضمی کا خاتمہ ہوتا ہے۔
آپ صبح سویرے اٹھتے ہی آدھا لیموں پانی میں نچوڑکر پی لیں۔ یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ آپ لیموں پانی کا استعمال صبح سویرے خالی پیٹ کریں۔یاد رہے کہ ٹھنڈے پانی میں لیموں نہ ڈالاجائے بلکہ تازہ پانی استعمال کیا جائے اور اگر پانی کو نیم گرم کرلیا جائے تو یہ اور زیادہ فائدہ دے گا۔